نئی دہلی 2 جولائی (ایس او نیوز/پی ٹی آئی) آئی سی ایس سی بورڈ کی چھٹی کلاس کی درسی کتاب میں شائع ہوئی ایک مسجد کی تصویر کو لے کر ان دنوں سوشل میڈیا پر لوگوں کا غصہ پھوٹ پڑا ہے. کتاب میں شائع تصویر کے ذریعے مسجد کو صوتی آلودگی کی وجہ بتایا گیا ہے. مشتعل لوگ سوشل میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے پبلشر سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرنے کے ساتھ ساتھ فوری طور پر درسی کتاب سے صوتی آلودگی کے ساتھ مسجد کی تصویر کو ہٹانے کا بھی مطالبہ کررہے ہیں۔
سیلینا پبلشرز کی کلاس ششم کی سائنس کی کتاب میں صوتی آلودگی پر ایک سبق ہے. اس میں کار، ٹرین، طیارہ کے ساتھ مسجد کی تصویر چھپی ہے. ان تصاویر کے سامنے ایک شخص کو آواز سے پریشان ہو کر اپنے کان بند کرتے دکھایا گیا ہے.
صوتی آلودگی کے سبق کو لے کر مشتعل سوشل میڈیا یوزرس نے ایک آن لائن پٹشن کے ذریعے کتاب کو مارکیٹ سے واپس لینے کی مہم چھیڑ دی ہے.
معاملے پر اب تک آئی سی ایس سی بورڈ کی جانب سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے لیکن پبلشر نے تصویر کے لئے معافی مانگی ہے. سوشل میڈیا سائٹس پر پبلشر ہیمنت گپتا نے کہا ہے، 'کتاب کے نئے ورژن میں مسجد کی تصویر ہٹا دی جائے گی.' انہوں نے مزید کہا، 'کتاب کے صفحہ نمبر 202 پر پرنٹ تصویر ایک قلعہ کے حصے کے مساوی ہے. اگر اس تصویر سے کسی کے جذبات مجروح ہوتے ہیں تو میں معافی مانگتا ہوں. '
آپ کو یاد ہوگا کہ اپریل کے مہینے میں بالی ووڈ سنگر سونو نگم نے کہا تھا کہ مسجد کے لاؤڈ سپیکر سے آنے والی اذان کی آواز کی وجہ سے وہ مناسب طریقے سے آرام نہیں کر پاتے. اس معاملے نے تنازعہ کھڑا کر دیا تھا۔
خیال رہے کہ اسکولوں کی درسی کتابوں میں حالیہ مہینوں میں کچھ زیادہ ہی متنازعہ مواد دیکھے جارہے ہیں۔ عوام یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ آیا اسے جان بوجھ کر شائع کرایا جاتا ہے یا پھر واقعی میں درسی کتابیں شائع کرنے والی ٹیم سے کوتاہیاں ہورہی ہیں اور وہ ا پنی ذمہ داری ٹھیک طور پر نہیں نبھاپارہے ہیں۔
سی بی ایس ای کے کچھ اسکولوں میں پڑھائے گئے کلاس XII کے فزیکل ایجوکیشن ٹیکسٹ بُک میں خواتین کے لئے 36-24-36 سب سے بہترین بوڈی فیگر قرار دیا گیا تھا، جو عوام میں بحث کا موضوع بن گیا تھا۔
اسی طرح ایک چوتھی کلاس کے ماحولیاتی سائنس نصابی کتاب میں ایک بلی کے بچہ کو قتل کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا جو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا، جس کے بعد پبلیشر کو مجبوراً اسی سال کے شروع میں ان کتابوں کو مارکٹ سے واپس لینا پڑا تھا۔